دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، سینیٹرعبدالقادر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ 20سال میں دہشتگردی کے باعثناقابل تلافی نقصانات معاشی اور معاشرتی نقصانات اٹھائے ہیں،ملک اب کسی بھی قسم کی دہشتگردی کا متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت اور سیکورٹی ادارے دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہپاکستان کو عالمی قوتیں ایک بار پھر دہشتگردی اور جنگ میں دھکیل رہی ہیں گزشتہ 20سال میں پاکستانی قوم نے دہشتگردی اور اسکے خلاف جنگ میں نہ صرف 80ہزار سے زائد جانیں قربان کیں بلکہ ملکی معیشت اور ایک پوری نسل کے معاشی اور معاشرتی نقصان اٹھایا ہے دہشتگردی کی وجہ سے آج قوم کے نوجوان اچھے مستقبل، تعلیم، صحت سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پوری قوم اب متفق ہے کہ ہم دہشتگردی کو ایک بار پھر سر اٹھانے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بد امنی کے باعث ہماری تمام تر توانائیاں دہشتگردی سے نمٹنے میں صر ف ہوتی ہیں اور قوم اپنی معیشت پر توجہ دینے کے بجائے ایک جنگ کی کیفیت کا شکار ہوتی ہے دہشتگردی عالمی کھیل کا حصہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے ماضی میں ہمارے ملک کے سیاستدان اور کلیدی عہدوں پر بیٹھے افراد درست حکمت عملی نہیں بنا پائے ہمیں دہشتگردی کے نمٹنے کے لئے ٹھوس اور مربوط حکمت عملی کی تشکیل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے فیصلے نہیں کئے جن سے دہشتگردی کا قلعہ قمع کیا جاسکا لیکن اب ملک میں یک زبان ہوکر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔