فیصل آباد، شہری خود کشی کے لئے تاریخی گھنٹہ گھر پر چڑھ گیا

(ڈیلی گرین گوادر)فیصل آباد کے گھنٹہ گھر پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش کرنے والے شہری کی کوشش ناکام بنادی گئی۔فیصل آباد کی تاریخی عمارت اور مشہور گھنٹہ گھر پر ایک شخص صبح 10 بجے چڑھ گیا، اور تاریخی عمارت پتھر توڑ کر نیچے پھینکتا رہا، اور گنبد کو شدید نقصان پہنچایا، جسے دیکھ کرعوام کا جم غفیر گھنٹہ گھر کے ارد گرد جمع ہوگیا۔

گھنٹہ گھر کے قریب کھڑے عوام نے پولیس کو اطلاع دی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، اور اسے نیچے اتارنے کی کوشش کرتے رہے۔شہری کو اتارنے کے لئے ریسکیو نے کرین منگوائی اور ریسکیو اہلکار گھنٹہ گھر کی چار منزلہ عمارت کے اوپر والے حصے تک پہنچ گئے، تاہم پہلے سے موجود شہری نے ریسکیو اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کردی، اور اسے عمارت سے پتھر توڑ کر مارتا رہا۔

واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری اور ریسکیو اہلکار کے مابین تقریباً آدھا گھنٹہ ہاتھا پائی ہوتی رہی، اس دوران ریسکیو اہلکار کا حفاظتی لباس بھی نیچے گر گیا، تاہم اہلکار نے دیدہ دلیری کے ساتھ شہری کو قابو کئے رکھا۔ شہری عمارت سے نیچے چھلانگ مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا، اور عمارت پر بنے گنبد پر ٹانگیں پھنسا کر بیٹھا رہا، تاہم آدھے گھنٹے کی تگ و دو کے بعد شہری کو رسیوں کے ساتھ باندھ کر عمارت سے نیچے اتار لیا گیا، اور اسے تھانہ کوتوالی منتقل کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے