اجتماعی قومی اصولوں پر زندگی گزارنے کا فیصلہ کرکے نئے سال میں ہم ایک باوقار، باعظمت زندگی کیلئے راستہ بنائیں،نوبزادہ حاجی لشکری رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سنیئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوبزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ 2023ء میں ایک نئی، ترقی پسند سوچ و فکر کیساتھ قدم رکھ کر نئے رویوں، اجتماعی قومی اصولوں پر زندگی گزارنے کا فیصلہ کرکے نئے سال میں ہم ایک باوقار، باعظمت زندگی کیلئے راستہ بنائیں۔ یہ بات انہوں نے سال نو پر ایک پیغام میں کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہماری شناخت ایک بحران زدہ سماج کی ہے بالخصوص بلوچستان ایک بہت بڑی سیاسی و سماجی افراتفری کا شکار ہے اس افراتفری کی وجہ وہ سیاسی عناصر ہیں جنہوں نے سالہاسال بلوچستان کے عوام کی محرومیوں اور جذبات سے کھیل کر اپنے گروہی مفادات حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بحران زدہ سماج میں اکثر سیاسی جماعتیں سیاسی روڑوں کی طرح اپنے اپنے مفادات کیلئے وقت گزارااور گزار رہی ہیں انکو مقتدرہ کی لاٹھی سے ہانکا جاتا ہے، جہاں سیاسی جماعتوں میں ریوڑکی طرح لوگ اپنی زندگیاں گزارتے ہیں وہاں سیاسی قومی اور اخلاقی بحران پیدا ہوتا ہے۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے نئے سال پر نوجوان، اہل قلم،اہل کتاب حلقوں سے اپیل ہے کہ نئے آنے والے سال میں اپنے رویوں،زندگی کے معاملات میں تبدیلی لاکر علم کی بنیاد پر اپنے مستقبل کا تعین کریں، اگر ہم نئے سال میں نئے رویوں، اجتماعی قومی اصولوں پر زندگی نہیں گزاریں گے تو جس طرح گزشتہ سات دہائی گزرگئے ہیں آئندہ سات دہائی بھی اسی طرح سے گزر جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان تعلیمی اداروں میں امن وتعلیم کا ماحول بنائیں اور ایک نئے منظم معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ دنیا میں وہ ہی قومیں آگے بڑھی ہیں جنہوں نے علم کی روح سے منظم معاشرے کو تشکیل دیا ہے،انہوں نے کہاکہ قوموں پر بحران آتے ہیں مگر تعلیم یافتہ طبقہ اپنا کردار ادا کرکے انکو بحرانوں سے نکال کر ایک باعزت قوم کی حیثیت سے دنیا میں منواتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان جس کو سالہا سال سے سیاسی، قومی، استحصال کا شکار بنایا گیا ہے وہاں آج کے سیاسی مخبروں نے سیاسی جماعتوں میں رہ کر صوبے کے وسائل کی لوٹ مار میں کوئی کمی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ 2023ء میں ہم ایک نئی اور ترقی پسند سوچ اور فکر کیساتھ قدم رکھ کر نئے سورج کے ساتھ ایک باوقار زندگی کیلئے اپنا راستہ بنائیں تاکہ ہم جن بحرانوں سے گزرہے ہیں،ایسے میں جب سیاسی پارٹیاں اور سیاسی قیادت بلوچستان کے ماتھے کا کلنک بنے ہیں ایسے میں بلوچستان کے لوگ ایک نئے دور کا آغاز کرکے باوقار بلوچستان اور اپنی پرعظمت تاریخ کی طرف بڑھیں تاکہ اپنے صوبے اور سماج کو ان بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں۔