گوادر میں مواصلاتی نظام بحال اور غیر اعلانیہ کرفیو ختم کیا جائے،مولانا آغا محمود شاہ
کوئٹہ(این این آئی) گوادر میں مواصلاتی نظام بحال اور غیر اعلانیہ کرفیو ختم کیا جائے، گوادر کے لوگ زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، بڑے بڑے ٹرالر کے ذریعے ان کے روزگار کا واحد ذریعہ بھی چھینا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جے یو آئی بلوچستان کے جنرل سکریٹری ممبر قومی اسمبلی پارلیمانی سکریٹری مولانا آغا محمود شاہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دنوں سے گوادر میں شہری حقوق شدید متاثر ہیں احتجاج پر بیٹھے لوگوں کے ساتھ قانون کے دائرے میں مذاکرات کیے جائیں ان پر تشدد کسی طرح بھی درست نہیں ہے گوادر پاکستان کا مستقبل ہے گوادر متاثر ہوگا تو پورا ملک متاثر ہوگا مولانا محمود شاہ نے احتجاجی مظاہرین سے بھی اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور پرامن احتجاج کے ذریعے گوادر کے بنیادی حقوق کو اجاگر کرتے رہیں۔