صحافی حاجی عبداللہ کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہیں،بلوچستان یونین آف جرنلسٹس

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) نے گوادر میں صحافی حاجی عبداللہ کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید اور جنرل سیکرٹری منظور احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے سید ظہور شاہ ہاشمی وارڈ میں گوادر پریس کلب کے سابق جوائنٹ سیکریٹری سینئر صحافی حاجی عبیداللہ کو تین بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گرفتار صحافی کے تینوں بیٹوں کو بعد میں رہا کردیا گیا تاہم حاجی عبیداللہ اب تک پولیس کی قید میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے باقی صحافیوں کو بھی گوادر میں جاری احتجاج کی کوریج کرنے پر حکومتی اداروں کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے جس کی بی یو جے سخت مذمت کرتی ہے اور حکومتی اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ان غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیں اورصحافیوں کو آزادانہ ماحول میں کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے ساحلی شہر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادرمیں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش قابل مذمت ہے، ان اقدامات کے نتیجے میں شہریوں کے آئینی حقوق سلب ہورہے ہیں اور صحافیوں کے کام میں بھی خلل پڑرہا ہے۔ بی یو جے کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ اظہار رائے اور صحافت کی آزادی پر قدغن لگانے کی بجائے حکومت مسائل کا پرامن حل نکالیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے