آئندہ انتخابات میں بلوچستان سے پیپلزپارٹی کلین سوئپ کرے گی،میر محمد صادق عمرانی
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی میں شرکت کے لئے ملک بھر کی طرح بلوچستان کے مختلف شہروں سے جیالوں کے قافلے براستہ ڈیرہ اللہ یار گڑھی خدا بخش بھٹو روانہ ہوگئے۔بلوچستان کے سرحدی شہر چمن اور قلعہ عبداللہ سے جیالوں کے درجنوں گاڑیوں کا قافلہ نذر محمد کاکڑ کی قیادت میں ڈیرہ اللہ یار پہنچا، ڈیرہ مراد جمالی سے سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، تمبو سے بابا غلام رسول عمرانی، صحبت پور سے احمد نواز کھوسہ اور ڈیرہ اللہ یار سے ضلعی صدر جعفرآباد سید عبداللہ شاہ کی قیادت میں قافلے روانہ ہوئے بائی پاس پر سید عبداللہ شاہ کی قیادت میں جیالوں نے بلوچستان کے مختلف شہروں سے آنے والے قافلوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ڈیرہ اللہ یار میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، بابا غلام رسول عمرانی، نذر محمد کاکڑ اور سید عبداللہ شاہ بخاری نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی، آج شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پر ملک کی طرح بلوچستان کے جیالے بھی اپنی قائد کی لازوال قربانی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گڑھی خدا بخش روانہ ہو رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ساڑھے تین سالہ حکومت میں ریکارڈ کرپشن کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا اس وقت ملک کی معیشت وینٹیلیٹر پر پی ڈی ایم حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے تاہم پی ٹی آئی بحران در بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پیپلزپارٹی رہنماوں نے مزید کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قوم پیپلزپارٹی کی جانب دیکھ رہی ہے پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے، آئندہ انتخابات میں بلوچستان سے پیپلزپارٹی کلین سوئپ کرے گی۔