گوادر، حق دو تحریک کے رہنماوں کیخلاف کارروائی، اورماڑہ میں کوسٹل ہائی وے ٹریفک کیلئے بند

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) گوادر میں حق دو تحریک کے رہنماوں کیخلاف کارروائی اور گرفتاریوں کیخلاف دوسرے روز بھی ہنگامے اوراحتجاج جاری رہا، مظاہرین نے پولیس تھانے کے نذر آتش اورماڑہ میں کوسٹل ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بند کردیا،گوادر اور اورماڑہ میں بازاز بھی بند رہے،گوادر میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل رہی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوادر میں حق دو تحریک کے دھرنے کیخلاف پولیس کی کارروائی اور رہنماوں کی گرفتاری کیخلاف منگل کو اورماڑہ میں حق دو تحریک کے کارکنوں اور دیگر افرد نے کوسٹل ہائی وے پر احتجاج کیا اور ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بند کیا، احتجاج کرنیوالوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔کوسٹل ہائی وے کی بندش سے گوادر کراچی ٹریفک کی روانی معطل رہی اور اس دوران مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعدازاں اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر حق دو تحریک کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا جس کے بعد ہائی وے پر رکاوٹیں ہٹادی گئیں اور شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کردیا گیا۔چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ گوادر میں مظاہرین نے قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیکر نہ صرف پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کیا ہے بلکہ وہاں ایک پولیس کانسٹیبل یاسر کو بھی شہید کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی۔دوسری جانب حق دو تحریک بلوچستان کے ٹویٹ کے مطابق تحریک کے رہنماؤں کی گرفتاری اور کارکنوں پر تشدد کے خلاف دوسرے روزبھی احتجاج کیا گیا ٹویٹ کے مطابق گوادر میں بجلی اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جبکہ گوادر میں دیگر شہروں سے موبائل فون کے ذریعے رابطے میں بھی مشکل پیش آرہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے