سیکورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کاہان آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن فہد، لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر،مہران اور شمعون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے بہادر وطن کے ہیرو ہیں اور رہتی دنیا تک ان کی وطن کے لئے لازوال قربانی یاد رکھی جائے گی۔ انہوں اپنے بیان میں کہا کہ بزدل دشمن اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے پختہ عزم کو ڈگمگا نہیں سکتے۔ شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر ایک سوچے سمجھے منصوبے کا نتیجہ ہے جس کے خلاف ساری قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں کو ناکام بنانے کے لئے پختہ عزم رکھتی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قوم کا عزم کم نہیں ہوگا۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد عناصر جان لیں کہ ان کا سامنا ایک بہادر قوم سے ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست سے دوچار کیا ہے اور آئندہ بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اوردہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کیا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں جو قابل ستائش و فخر بات ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اوربلوچستان کے امن کے دشمنوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہیں انہوں نے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشتگردوں کے خاتمے تک اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور اس مقصد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصرکی بلوچستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائیگا۔