محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت، کی بالادستی کی جدوجہد اور آمریت کی مخالفت کی، میر چنگیز جمالی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جمہوریت اور ملک میں عوام کی حکمرانی کے لئے قربانیوں سے بھری پڑی ہے ملک میں کوئی ایسی جماعت نہیں جسکی قیادت نے خود قربانیاں اور شہادتیں دیکر جمہوریت اور عوام کا علم بلند کیا ہو، شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت کی بالادستی کی جدوجہد اور آمریت کی مخالفت کی پیپلز پارٹی کا ہر جیالہ اپنی قیادت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مر مٹنے کے لئے تیار ہے،شہید بے نظیر بھٹو سمیت سانحہ لیاقت باغ کے شہداء کو خراج عقید ت پیش کرتے ہیں، یہ بات انہوں نے بے نظیر بھٹو شہید کی 15ویں برسی پر اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کشمیریوں، خواتین، کسانوں، نوجوانوں، مزدوروں کے حقوق کے لیے لڑتی رہیں جب پاکستان کے کونے کونے سے آواز آئے کہ زندہ ہے بھٹو اوربی بی زندہ ہے تو وہ واقعی زندہ کہلاتے ہیں،آج بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے پاس پیپلز پارٹی کی قیادت ہے،دونوں ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے علم کو بلند کرکے چل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں اور شہادتوں سے بھری پڑی ہے قیادت کے ساتھ ساتھ شہادتیں دینے والے کارکن بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں کہ جنہوں نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اورنہ ہی کریں گے انہوں نے کہا کہ آج نوڈیرو اور گڑھی خدا بخش جاکر بینظیر بھٹو اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرینگے،انہوں نے کہاکہ آج اگر شہید بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو ملک میں صورتحال یکسر مختلف ہوتی آج ملک کو ایک بار پھر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو جیسی قیادت کی ضرور ت ہے جو عوام کو بے روزگاری، مہنگائی، بد امنی، سیاسی انتشار جیسے مسائل سے نجات دلوائے اور تباہ حال معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہمارے پاس ولولہ انگیز قیادت موجود ہے آئندہ عام انتخابات میں ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی پارٹی انشاء اللہ عوام کو مایوس نہیں کریگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے