جماعت اسلامی عورت کے اندر شعور اجاگر کرنا چاہتی ہے،دردانہ صدیقی
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مقصد اللہ کی رضا اور جنت کا حصول ہے ،اسلام کے دیئے ہوئے نظریے کے مطابق معاشرتی بنیادوں کی استواری ہی مسائل سے نجات کا واحد راستہ ہے، جماعت اسلامی عورت کے اندر وہ شعور اور آگاہی اجاگر کرنا چاہتی ہے۔
دردانہ صدیقی نے کہاکہ عورت معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لئے لازم جزو ہے، خواتین کی اسی اہمیت کے پیش نظر جماعت اسلامی نے ہر سطح پر عورت کی ذہنی آبیاری کے لئے کام شروع کیا ہے، ہماری توقع یہ ہوتی ہے کہ جس این جی او کے ہمراہ آپ کام کر رہے ہیں وہاں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنیں ۔
انہوں نے کہا کہ اطاعت الہی میں گذارا ہوا ہر ایک لمحہ اللہ کے ہاں شمار ہو رہا ہے ۔ہم نے اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو قائم کرنا ہے، جماعت اسلامی کی طویل المیعاد پلاننگ میں یہ چیز شامل ہے کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اسلامی انقلاب کی جدوجہد کا ہرآول دستہ شمار کرنا ہے۔
دردانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری ترجیح اول ووٹر سازی ہے۔ہمیں پاکستان میں پچیس لاکھ ووٹر خواتین تیار کرنی ہیں، ہر ممبر خاتون اپنے دائرہ کار میں فعال کردار ادا کرے، ہم خواتین اور نوجوانوں کے لئے کیا کرنا چاہتے ہیں اس کی پوری پلاننگ موجود ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ویژن کا نقشہ واضح کرنے کے لئے سات منٹ کی ڈاکیومنٹری تیار کی گئی ہے، خواتین مختلف شعبہ زندگی میں جتنی مضبوط ہوں گی , مملکت خداداد پاکستان کے اندرنظام کی تبدیلی میں اہم رول پلے کر سکتی ہیں ۔ہم ویمن ایمپاورمنٹ کی بات کرتے ہیں تو یہ تصور صرف اکنامک امپاورمنٹ تک محدود نہیں -اسلام اس سے بہت بڑھ کر عورت کو فعال کرتا ہے۔