کراچی جنجال گوٹھ میں مسلح ڈکیتوں نے دکاندار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا
کراچی: جنجال گوٹھ میں مسلح ڈکیتوں نے اسپیئر پارٹس کی دکان کے مالک کو گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا، دسمبر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں 12 نہتے شہری اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔ اتوار کی صبح گلشن معمار تھانے کے علاقے افغان کیمپ کے قریب جنجال گوٹھ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، متقول کی شناخت 35 سالہ طاہر ولد ایوب کے نام سے ہوئی، مقتول سعدی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔