پاکستان سیاسی انتشار اور بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کواس وقت قومی اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے فساد کی نہیں۔ پاکستان کو امن وسلامتی کی ضرورت ہے انتشار اور بدامنی کی نہیں۔موجودہ ملکی حالات میں پاکستان کسی سیاسی انتشار اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان اور سیاسی صورتحال ابتر ہے دشمن آئے دن سیکورٹی فورسز اور نہتے شہریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔دشمنوں کی چالوں کو ناکام بنانے کے لئے پاک آرمی اور سیکیورٹی فورسز دشمنوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹے ہوئے ہیں جو خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی جانب سے تواتر سے دہشت گردی کے واقعات کا مقصد پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کا فائدہ اٹھا کر ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑناہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو فساد کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں وہ پاکستان اور اسلام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ اور امن و استحکام کے لئے پوری قوم کو مل کر پاکستان کی سالمیت اور بقاء کے لئے کام کرنا ہوگااور اس کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ملکرپاکستان کو انتشار کی جانب دھکیلنے کے لئے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دے گی۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی و معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لئے تمام سیاسی اکابرین کو عدم برداشت اور انتہا پسندی سے گریز کرتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جس سے دشمنوں کی چالوں کو تقویت ملے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سیاست میں اونچ نیچ اور اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔ وقت سے پہلے الیکشن کا مطالبہ غیر فطری ہے اور ملک قبل از وقت الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایک طرف تو ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی باتیں کی جارہی ہیں اور دوسری جانب قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کسی بھی طرح قابل عمل بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اور اپوزیشن میں بات چیت کے ذریعے بھی مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے اور اس کے لئے تمام سیاسی پارٹیاں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ بلوچستان عوامی پارٹی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے لئے اپنا کردار اداکرنے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سخت معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے اور ہم سب کو اس مشکل دور سے نکلنے کے لئے ملی یکجہتی اور سیاسی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے اور کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے بہتر طریقے سے نکالا جاسکتا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اگر پاکستان میں انتشار کی سیاست شروع ہوگئی تو پاکستان کی سلامتی اور بقاء کوشدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اس لیے تمام سیاسی پارٹیوں اور سیاست دانوں کو چاہئے کہ ہیں وہ وقت کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے صبر و تحمل اور برداشت کا رویہ اختیار کریں اور دشمنوں کی پاکستانیوں کوآپس میں لڑانے کی سازشیں ناکام بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام میں مقبول ترین سیاسی پارٹی ہے اور اس نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے ہمیشہ ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی کی بات کی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے عوام کی خدمت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے اور انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔