وزیراعظم کی پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ اور حضرت مریمؑ مسیحیوں اور مسلمانوں کے درمیان قدر مشترک ہیں، یہ جلیل القدر ہستیاں انسانیت کے لیے راہ ہدایت ہیں، ان پاک ہستیوں کے کردار کی پاکیزگی اور عظمت کی گواہی اللہ تعالی نے قرآن میں دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں بھر پور کردار ادا کیا، قیام پاکستان کے موقع پر مسیحی برادری کے قائدین نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ مسیحیوں کے قائم کردہ اسکول اور اسپتال آج بھی معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔ تعلیم، صحت اور دفاع پاکستان سمیت مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین میں مسیحیوں سمیت تمام غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، وہ برابر کے شہری ہیں، تمام اقلیتوں کے جان ومال کی حفاظت ہماری اسلامی اور آئینی ذمہ داری ہے، اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین، بچوں سمیت تمام طبقات کی ترقی وخوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد اور بڑے بھائی محمد نواز شریف کو یوم ولادت پر مبارک پیش کی ہے اور کہا ہے کہ آج کے دِن مجھ سمیت ان کے کروڑوں چاہنے والے اُن کے لیے ڈھیروں دعائیں اور تمنائیں پیش کرتے ہیں، فخر ہے کہ محمد نواز شریف کا چھوٹا بھائی اور ان کا کارکن ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی زندگی پاکستان سے والہانہ محبت اور خیرخواہی سے عبارت ہے، وہ نہایت حساس ونرم دِل، دوراندیشی اور فہم و دانائی جیسی خوبیوں کے مالک ہیں، نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع و معاشی ترقی، عوامی فلاح وبہبود اور عالمی سطح پر عزت و وقار میں اضافے کے لیے کام کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف وعدے وفا کرتے ہیں، ان کی سیاسی و جمہوری اور عوامی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی میرے بھائی اور قائد کو عمر خضر عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے