پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کوہر سطح پر منظم اور فعال پارٹی کی ضرورت ہے ،عیسیٰ روشان
خانوزئی(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ ملک میں پشتونخوا وطن کے غیور عوام کو قومی محکومی اور قومی واک و اختیار سے محرومی اور زندگی کے ہر شعبے میں درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات کے لئے منظم بنیادوں پر مسلسل جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔اور اس تاریخی جدوجہد کو کامیابی تک پہنچانے کے لئے ہر سطح پر منظم اور فعال پارٹی کی ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پشتونخوا میپ ہر محاذ پر پورا کرر ہی ہے۔ لہذا غیور عوام نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد و منظم ہوکر اس قومی فریضے کی ادائیگی میں اپنا پرافتخار کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان، صوبائی سیکرٹری ایم پی اے نصر اللہ خان زیرے،خلیل خان ترین، حاجی عالمگیر لالا، عصمت اللہ کاکڑ، حاجی ابراہیم عیسیٰ خیل، ریاض محمود، چئیرمین دوست محمد خان اور عابل زمان نے تحصیل کاریزات،تحصیل نانا صاحب کے دفتر کے افتتاح اور علاقے کے سماجی سیاسی شخصیات اور نوجوانوں کی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کلی خانوزئی اور اردگرد کے دیہات کے 300 سے زائد افراد نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پارٹی رہنماوں نے جوق در جوق پارٹی میں شمولیت کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے تمام شمولیت کنندگان کو مبارکباد دیتیہوئے کہا کہ پشتونخوا وطن کے ہر علاقے سے پارٹی میں غیور عوام کی بڑی تعداد میں شمولیت در حقیقت ہماری پارٹی کے بیانیے اور طرز سیاست پر مہر تصدیق ہے اور پارٹی کا پانچواں تاریخی قومی کانگریس ہمارے غیور عوام کے اس اعتماد اور امیدوں کو مدنظر رکھ کر ایسے تاریخی فیصلے کرے گی جو حقیقی معنوں میں ایک قومی جمہوری عوامی اور مترقی پارٹی کی تشکیل نو کرے گی جو عظیم قومی رہنماوں،قومی شہداء اور پشتونخوا وطن کے تمام عوام کے قومی ارمانوں کی تکمیل کے لئے قربانیوں کے لبریز تاریخی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی وحدت کو ختم کرنے کی ذمہ داری ان رہنماوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے ایک دہائی سے پارٹی کے رہنما اداروں کو منجمد کرکے پارٹی کو بدترین تنظیمی اور سیاسی بحران سے دوچار کیا جبکہ ہم نے سالہا سال سے لیکر آج تک پارٹی کے اندرونی بحران کو حل کرنے اور اس کی وحدت کو بچانے کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھی ہیں لیکن تاریخ ان رہنماوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی جنہوں نے پشتون قومی تحریک کے ہر اول دستے پشتونخوا میپ جیسے فعال،منظم اور نمائندہ پارٹی کو بدترین تنظیمی بحران میں مبتلا کرکے اس کی وحدت کو پارہ پارہ کیا۔