امریکا میں بدترین برفانی طوفان سے نظام زندگی شدید متاثر، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی
امریکا کئی دہائیوں بعد موسم سرما کے تاریخی طوفان کی زد میں ہے، شدید برفباری اور سرد ہواؤں کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہے، مختلف واقعات میں مزید 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
ریاست مونٹانا، جنوبی ڈکوٹا اور وائیومنگ میں درجہ حرارت منفی 45 تک گر گیا، نیویارک، جارجیا،کینٹکی، اوکلاہوما سمیت کئی امریکی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 19ہوگئی ہے۔بد ترین برفانی طوفان سے ملک بھر میں 8 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 25 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں، سڑکوں پر پھسلن سے درجنوں گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں، 15 لاکھ سے زیادہ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے موسم کی سنگینی سے خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام کی وارننگ پر عمل کریں۔امریکا کے علاوہ کینیڈا کے مشرقی حصے کو بھی شدید سردی اور برف باری کا سامنا ہے، ٹورنٹو میں بھی متعدد پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہیں۔