اعظم سواتی کا ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم خان سواتی نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ متنازع ٹوئٹ کے مقدمے میں گرفتار سینیٹر اعظم سواتی نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں وفاق، ایف آئی اے سائبر کرائم اور افسر انیس الرحمن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مبینہ ٹوئٹس پوسٹ نہیں کیں۔ اعظم سواتی کا کسی ادارے کو بدنام کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کے پاس اعظم سواتی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ پٹیشنر کی عمر 75 سال اور عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔ تمام کیس دستاویزی الزامات پر مبنی ہے، جیل میں رکھنا ٹرائل سے قبل سزا کے مترادف ہو گا۔

ڈاکٹر بابر اعوان کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے اعظم سواتی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہا تھا کہ اعظم سواتی نے ایک ہی جرم دو بار کیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے