ساتویں اورپہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا انعقاد خوش آئند ہے، طارق الرحمن بلوچ
خاران(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر رخشان ڈویژن طارق الرحمن بلوچ نے ملک میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے رخشان ڈویژن میں جاری ماسٹر ٹرینرز ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ٹریننگ کوآرڈینیٹر رخشان ڈویژن آدم احمد، نادرا ریجنل انچارج ضیاء اللہ بلوچ نے کمشنر رخشان کو پاکستان کی ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم ٹریننگ کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی ترقیاور خصوصی اقدامات اسلام آباد کی جانب سے دیئے گئے کتابچے اور ملٹی میڈیا پروجیکٹ کی مدد سے ٹریننگ کا آغاز کیا ہے، کمشنر رخشان ڈویژن طارق الرحمن بلوچ نے ٹریننگ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا انعقاد خوش آئند ہے اس سلسلے میں آپ ماسٹر ٹرینرز پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے اسے احسن طریقے سے نبھائیں اپنے اپنے اضلاع میں جاکر خانہ و مردم شماری کرنے والے تمام عملے کی بہتر انداز میں ٹریننگ کرسکیں، کیونکہ مردم شماری کسی بھی ملک کی ترقی کی منصوبہ بندی کے لیے درکار کوائف اکٹھا کرنے کا سب سے اہم ذریعہ ہے، مردم شماری سے حکومت کو ملک اور عوام کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی اور ملک کے مختلف علاقوں میں بسنے والے افراد کے معیار زندگی بہتر بنانے اور وسائل کی موثر انداز میں تقسیم کے حوالے سے خاص مدد فراہم ہوسکتی ہے جبکہ مردم شماری کی بنیاد پر ہی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی سیٹوں اور حلقہ بندی کا تعین کیا جاتا ہے اس حوالے سے پہلی ڈیجیٹل سینسس کی بڑی اہمیت ہے اس کے لئے سب کو مکمل تیاری کرنا ہوگا تاکہ اس قومی فریضہ کو بہتر انداز میں انجام دیا جاسکے۔ کمشنر رخشان نے اپنی طرف سے مردم شماری ٹریننگ اسٹاف اور شرکاء کو ہر سطح پر بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔