الیکشن شفاف ہوئے تو حکمران اشرافیہ کا صفایا ہو جائے گا، سراج الحق
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حقیقی احتساب اور شفاف الیکشن ہوا تو ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ کا صفایا ہو جائے گا، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان غربت، بے روزگاری، مہنگائی پر اتفاق، کرسی اور مفادات پر اختلاف ہے۔سراج الحق نے کہاکہ تینوں کی نظر پنڈی کے گیٹ نمبر4سے نہیں ہٹ رہی، مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال بحران کا شکار، ڈار ڈالر لائے نہ کہیں شہباز سپیڈ نظر آئی، پنجاب کے تماشے نے پورے ملک کو تماشا بنا دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ حکومت وزیراعلیٰ کی ہو یا گورنر راج، عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ ٹرائیکا کو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں، تینوں نے مل کر ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ عوام میں حکمرانوں کے خلاف لاوا پک رہا ہے ، وہ وقت قریب ہے جب مظلوموں کے ہاتھ ان کے گریبانوں میں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ مرکز اور صوبوں میں قائم حکومتیں نااہل اور منحوس ہیں، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، لوگوں کی قوت خرید ختم ہو گئی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، ضروری ادویات غائب، فی کلو آٹا 130روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ تاجرکنگال، کاشتکار پریشان اور پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس بیرون ملک جا رہے ہیں، حالات کی سنگینی کی وجہ سے ملک کا ہر پانچواں شہری ڈپریشن کا شکار ہے۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں مندی اور شرح نمو نیچے جا رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 6.7ارب ڈالر سے نیچے، ترسیلات زر اور برآمدات میں کمی اور مجموعی قومی قرضہ 62ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔امیر جماعت نے کہا کہ سندھ کی صورت حال بدتر ہے، متاثرین سیلاب کو تاحال ریلیف نہیں ملا، کراچی اور اندرون سندھ لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔ غربت اور بے روزگاری انتہا کو پہنچ گئی، بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند، وڈیرہ راج اور پولیس اور مقامی بیوروکریسی ان کی وفادار ہے۔