نیشنل پارٹی اقتدار کے لئے نہیں بلکہ مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے،حاجی وزیر خان رند
لسبیلہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی لسبیلہ کے بزرگ رہنما حاجی وزیر خان رند کی جانب سے میونسپل کارپوریشن حب سے نیشنل پارٹی کے نومنتخب کونسلران اور الیکشن حصہ لینے والے امیدوا روں کے اعزاز میں نیشنل پارٹی کے ضلعی رابطہ آفس حب پر ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا،جس میں نیشنل پارٹی کے صوبائی،ضلعی اور تحصیل کابینہ کے عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ٹی پارٹی کی تقریب سے نیشنل پارٹی لسبیلہ کے بزرگ رہنما حاجی وزیر خان رند ضلعی صدر عبدالغنی رند قلات ریجن سیکرٹری نظام الدین رند، صوبائی نائب صدر ایڈوکیٹ خورشید رند تحصیل صدر روشن علی جتوئی جنرل سیکرٹری جان محمد پلال،عابد ملاڑئی،میر حسن مری،علی محمد مری، واجہ عبدالغنی رند نومنتخب کونسلر حافظ رسول بخش بلوچ محمد اسحاق بلوچ ارباب مگسی اور نیشنل پارٹی تحصیل صدر گڈانی جان محمد بلوچ،الاہی بخش بلوچ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے طاقت ور لابی کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ان کے ہر حربے کو ناکام بنایا اور اپنی محنت اور عوامی طاقت کے زریعے سیٹیں حاصل کیں جن پر نیشنل پارٹی کے کارکنان مبارک باد کے مستحق ہیں اب نو منتخب کونسلروں اور پارٹی کارکنوں پر مذید سخت محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہے جس طرح عوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اب ہمیں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ 28سیٹیں جیتنے والوں کی ابھی بھی ٹانگیں کانپ رہی ہیں کہ انھیں چیئرمین شپ ملے گی کہ نہیں انھیں صرف اقتدار چاہئے مگر نیشنل پارٹی اقتدار کے لئے نہیں بلکہ مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے نیشنل پارٹی کا مقصد مظلوم و محکوم عوام کی خدمت کرناہے انہوں نے کہاکہ الیکشن میں ہار جیت ہوتی ہے مگر نیشنل پارٹی کے کارکنان جیتنے اور ہارنے کے بعد بھی خوش ہیں انشاء اللہ نیشنل پارٹی ہر الیکشن میں اپنے مخالفین کو ٹف ٹائم دے گی ہمارے کارکنان حوصلے بلند ہیں اس موقعے پر صحافی برادری نیشنل پارٹی کے معززین وکارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
