امن وامان کی بحالی سمیت قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے، نصیب اللہ کاکڑ
خضدار (ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس نصیب اللہ خان کاکڑ نے بدھ کے روز لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے جوانوں کے تربیتی مشقوں اور فائرنگ پریکٹس کا جائزہ لیا۔ڈی جی لیویز فورس بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ امن وامان کی بحالی سمیت قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے امن وامان کی بحالی کیلئے لیویز فورس کی قربانیاں کسی تعارف کی محتاج نہیں ہنگامی حالات سے فوری نمٹنے اور کیو آر ایف سمیت لیویز کی رسپانس ریٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے مشقیں جاری رکھی جائیں گی زیر تربیت جوان پوری تندہی سے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کریں، ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں۔ انہوں نے کہا کہ لیویز اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے مختلف شعبوں کے ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات سے استفادہ جاری رکھا جائیگا اور زیر تربیت اہلکاروں کو جدید پیشہ ورانہ ٹریننگ کے علاوہ دوران تربیت بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نصیب اللہ کاکڑ نے لیویز فورس کے جوانوں کی فزیکل ایکسر سائز اورآپریشنل مہارتوں کے حوالے سے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا معائنہ اور نشانہ بازی کی مشقوں کے حوالے سے اہلکاروں کی فائرنگ پریکٹس سمیت زیر استعمال اسلحے، جدید سازو سامان اور دیگر سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔لیویز ٹرینگ سینٹر خضدار میں منعقدہ ٹریننگ کے دوران کمانڈنٹ لیویز ٹریننگ خضدار کرنل (ر) محمد انور بلوچ نے ڈی جی لیویز کو ٹریننگ سنٹر کے پیشہ ورانہ امور اور اسپیشلائزڈ ٹریننگ کورسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈی جی لیویز نصیب اللہ کاکڑ نے ٹرینگ سینٹر میں اہلکاروں سے مسائل بھی سنے اورزیر تربیت اہلکاروں نے ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس بلوچستان کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا۔
