بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اورڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹر کونسل کامرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے کوریج کا بائیکاٹ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے تاجروں کی جانب سے بخاری سینٹر میں صحافیوں اور میڈیا ٹیموں کے ساتھ نارواسلوک اور حملہ کرنے کے واقعے پر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی ہر قسم کی کوریج کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔ بی یو جے اراکین نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،جس طرح کی صورتحال بنائی گئی اس میں کسی کی جان بھی جاسکتی تھی۔ ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹر کونسل نے بھی بائیکاٹ کے حمایت کا اعلان کردیا۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے اراکین کا ہنگامی اجلاس بدھ کو پریس کلب میں منعقد ہوا، بی یو جے صدر عرفان سعید نے اجلاس کی صدارت کی جس میں 20 دسمبر کو ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران منی ایکسچینج مارکیٹ بخاری سینٹر میں تاجروں کی جانب سے صحافیوں کو یرغمال بنانے، میڈیا کی گاڑیوں پر حملہ کرکے خنجر کے وار سے ٹائر برسٹ کرنے اور میڈیا ورکرز کو زدکوب کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس واقعہ کو ناقابل برداشت اور انتہائی سنجیدہ نوعیت کا قرار دیا۔ ارکان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر قیادت کی موجودگی میں ایسی صورتحال بنائی گئی کہ خنجر تھامے مشتعل افراد میڈیا ٹیموں اور گاڑیوں پر حملہ آور ہوئے ڈرائیور کو زدوکوب کرتے ہوئے ڈی ایس این جی سمیت میڈیا کی چھ گاڑیوں کے ٹائر برسٹ کئے گئے۔ جبکہ کوریج کرنے والے صحافیوں کو بخاری سینٹر کے اندر گھنٹوں یرغمال بنائے رکھا۔ اس سب میں خدانخواستہ کسی کی جان بھی جاسکتی تھی۔ جس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا کہ یہ سارا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی قیادت وہاں موجود تھی بی یو جے اراکین نے متفقہ طور پر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے پریس کانفرنسز، پروگرامز اور خبروں کے کوریج کی مکمل بائیکاٹ کا متفقہ فیصلہ کیا اور بی یو جے قیادت کی جانب سے واقعے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اظہار کیا ہے اجلاس میں بی یو جے اراکین نے کوئٹہ پریس کلب سے مرکزی انجمن تاجران کے قیادت کی پریس کلب میں داخلے پر پابندی لگانے کی بھی سفارش کی ہے۔بی یو جے کے بیان میں کہا گیا ہے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے عزت نفس اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اس واقعہ سے تمام میڈیا ورکرز میں غم و غصہ اور تشویش پایا جاتا ہے۔ بی یو جے نے ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرکونسل سے بھی مرکزی انجمن تاجران کے خبروں کی اشاعت نہ کرنے کی درخواست کی۔ دریں اثنا ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹر کونسل نے بی یو جے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے مرکزی انجمن تاجران کے کوریج کی مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل کے صدر انور ساجدی اور جنرل سیکرٹری نادر حسین زمرد نے بخاری سینٹر میں صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت کے برخلاف قرار دیا ہے۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے ساتھ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے