بلوچستان کو کیک کی طرح کاٹنے کا خواب دیکھنے والے خود کٹ گئے ہیں، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلوچ،پشتون اوردیگر اقوام صدیوں سے بھائیوں کی طرح رہ رہے ہیں بلوچستان کو کیک کی طرح کاٹنے کا خواب دیکھنے والے خود کٹ گئے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ،پشتون،ہزارہ،سیٹلر اوردیگر اقوام بھائیوں کی طرح آباد رہے ہیں پشتون اور بلوچ قوم پرست جماعتوں نے عوام کو آپس میں ہمیشہ لڑانے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پشتون قوم پرست جماعت کے سربراہ کی جانب سے بلو چستان کو کیک کی طرح کاٹنے کی بات احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو کیک کی طرح کاٹنے کا خواب دیکھنے والے خود کٹ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلو چستان کے عوام صوبے کو تقسیم کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے خواب مٹی میں ملادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ،پشتون آپس میں بھائی بھائی ہیں اورانکی رشتہ داریاں ہیں وہ کسی بھی صورت صوبے کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ قوم پرست اور مذہب پرستوں نے صوبے کے عوام کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی بلوچستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے