وزیراعلیٰ بلوچستان سے چیئرمین سینٹ اورمولانا عبدالغفور حیدری کی ملاقات،صوبے کو وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے حصے کے اجراء میں کمی پر تشویش کا اظہار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے بدھ کو چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے وزیراعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی،میر نصیب اللہ مری میر محمد خان لہڑی،میر سکندر عمرانی،پارلیمانی سیکرٹری ملک نعیم بازئی اور خلیل جارج،سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ، آغا عمر احمد زئی اور رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملک اور صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا کیا۔ملاقات میں بلوچستان کو درپیش مالی مسائل اور صوبے کو وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے حصے کے اجراء میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔صوبائی وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی کی جانب سے صوبے کی مالی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے بتایا کہ گزشتہ سال بلوچستان کو این ایف سی کے تحت ملنے والے شیئر زمیں 11 ارب روپے کم ملے،واں مالی سال کے دوران پانچ ماہ میں وفاقی حکومت سے مجموعی طور پر 27 ارب روپے کم موصول ہوئیے ہیں اگر یہ ہی صورتحال برقرار رہی تو تنخواہوں کے لئے بھی فنڈز نہیں ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ پی پی ایل کے زمہ صوبے کے30 ارب روپے کے واجبات ہیں۔چیئرمین سینٹ اورسینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے وفاق میں بلوچستان کا کیس بھرپور انداز سے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی وزراء اور صوبے کی سیاسی قیادت کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کرینگے۔بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے