کوئٹہ شارع اقبال میں کارروائی متعدد دکانوں کو سیل اور ریکارڈ قبضے میں لے کر 1 کروڑ سے زائد غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے، محمد علی ابڑو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد شمار کی روشنی میں غیر قانونی کرنسی کے کارروبار کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں ایک ماہ سے جاری ہیں، کوئٹہ کے شارع اقبال میں کارروائی کے دوران متعدد دکانوں کو سیل اور ریکارڈ قبضے میں لے کر ایک کروڑ سے زائد غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے جبکہ کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ یہ بات ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد علی ابڑو نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔محمد علی ابڑو نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی اعداد شمار کی روشنی میں کوئٹہ میں غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کے کارروبار کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ماہ میں مختلف مقامات پر اب تک 11 چھاپے مارے گئے دو مقامات درج کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔محمد علی ابڑو نے بتایا کہ غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کے کارروبار کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں آج شارع اقبال کے مقامی سینٹر میں کارروائی عمل میں لائی گئی، یہ دوکاندار اسٹیٹ بینک کی جانب سے بغیر اجازت نامے کے غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کررہے تھے، کارروائی میں متعدد دکانوں کو سیل اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا، ایک کروڑ سے زائد غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے کچھ گرفتاریاں کی ہیں، کارروائی میں ایران، بھارت، چین، ترکی، امریکی ڈالر اور یو ای اے کی کرنسی برآمد ہوئی ہے جبکہ پندرہ ایجنٹس کے حوالہ ہنڈی میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔محمد علی ابڑو نے کہا کہ کارروائی کے دوران تاجروں نے تعاون نہیں کیا اور کار سرکار میں مداخلت کی۔