عبداللہ شاہوانی کی کامیابی پورے جھالاوان کی کامیابی ہے اور اس پر ہر طبقہ فکر کے لوگ فخر محسوس کرتے ہیں، شفیق الرحمن ساسولی
خضدار (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی خضدار کے صدر شفیق الرحمن ساسولی نائب صدر نوراحمد میراجی جنرل سیکریٹری عبدالنبی بلوچ لیبر سیکریٹری علی محمد شاہوانی محمد ایوب عالیزئی حاجی منیراحمد رند نے اعلیٰ ملکی صحافتی ایوارڈ حاصل کرنے پر عبداللہ شاہوانی کو مبارک باد پیش کی ہار پہنایا خضدار پریس کلب کے دوستوں کو مٹھائی کھلائی۔ اس موقع پر خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری مولانا محمدصدیق مینگل نائب صدر میر علی شیر ناز براہوئی یونس بلوچ عبدالواحد شاہوانی عبدالجبار حسنی عامر باجوئی و دیگر موجو دتھے۔ پیر کے روز بی این پی خضدار کے وفد نے شفیق الرحمن ساسولی کی قیادت میں خضدار پریس کلب کا دورہ کیا صحافیوں سے ملاقات کی۔ جہاں انہوں نے خضدار پریس کلب کے چیئرمین و رائیٹر عبداللہ شاہوانی کو ملکی وبین الاقوامی تین اداروں آئی سی آر سی۔ سی ای جے۔ اور آئی بی اے کے تحت منعقدہ رپورٹنگ مقابلے میں پورے پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔بی این پی خضدا رکے صدر شفیق الرحمن ساسولی کا کہنا تھاکہ یہ باعث صد افتخار ہے کہ خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی نے پورے پاکستان کو ٹاپ کیا۔عبداللہ شاہوانی کی کامیابی پورے جھالاوان کی کامیابی ہے اور اس پر ہر طبقہ فکر کے لوگ فخر محسوس کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ جھالاوان کے باشندوں کے مابین احترام کا جو رشتہ ہے وہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی سلامت رہے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اتحاد و اتفاق جاری رہے ہمارے اکابرین نے سیاسی قبائلی و علاقائی تعلقات کا جو خوبصورت طرز پیش کیا تھا ہم پر لازم ہے کہ ہم اس تعلق بندھن کو اور زیادہ مضبوط بنائیں ۔ خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد صدیق مینگل یونس بلوچ عبدالواحد شاہوانی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور انہوں نے کہاکہ صحافت و سیاست کے درمیان جو ربط ہے یہ آج کانہیں بلکہ برسوں کا رشتہ ہے جسے ہم اپنے مثبت رویہ اور طرفین کے احترام کی صورت میں اسی طرح برقرار رکھ کرہمیشہ کے لئے قائم و دائم رکھ سکتے ہیں۔چیئرمین عبداللہ شاہوانی نے شفیق الرحمان ساسولی اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے شرف پذیرائی دینے پر ان کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ ملکی سطح پر خضدار پریس کلب کی وِننگ پوزیشن آنا صرف ایک فرد یا ایک ٹیم کی کامیابی نہیں بلکہ یہ پورے جھالاوان کی کامیابی ہے اور یہ کامیابی دوستوں کی حوصلہ افزائی و ہمت افزائی کا نتیجہ ہے اس کامیابی کے بعد جس طرح خضدار کے مختلف طبقات نے پذیرائی دی ہے وہ بھی میرے لئے باعث فخر ہے کہ خضدار کے لوگ قدردان اور عزت بخشنے والے ہیں جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔