دشت میں 2 افراد ٹرانسفارمرچوری کررہے تھے جسے مقامی زمینداروں نے پکڑکردشت لیویز کے حوالے کردیا، ترجمان کیسکو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان کے مطابق دشت کے علاقے سپیزنڈ میں 2افرادبنام فضل الرحمن ولد محمدحسین اور نادراحمد ولد امام بخش زرعی ٹرانسفارمرچوری کررہے تھے جسے مقامی زمینداروں نے پکڑکر دشت لیویز کے حوالے کردیا اوراس کے خلاف ٹرانسفارمرکے مالک کی مدعیت میں دشت لیویز تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادیاگیاہے جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاری ہے۔ ملزم ایک نجی ورکشاپ میں ٹرانسفارمروں کی مرمت کرتاہے جس کاتعلق مستونگ سے ہے۔مذکورہ ملزم بجلی کے کنڈکٹرز، کھمبے اوردیگر برقی آلات چوری کرکے اُسے مقامی سطح پرفروخت کرتاتھا چوری شدہ برقی آلات مختلف علاقوں میں غیر قانونی ٹرانسفارمرزاور دیگر کنکشنز کی تنصیب کیلئے استعمال ہوتاتھا۔ کیسکوترجمان نے کہاکہ اس سے قبل دشت کے علاقے میں بجلی کے کنڈکٹرز،کھمبے اور دیگر برقی آلات چوری ہونے کے متعدد واقعات رونماہوچکے ہیں جن میں کمبیلا فیڈرپر تقریباً28لاکھ روپے کے کنڈکٹرزو برقی آلات چوری کرلئے گئے ہیں جبکہ عاصم آباد فیڈرپر 32لاکھ روپے کے کنڈکٹرز و برقی آلات،کولپورفیڈرپر تقریباً14لاکھ روپے کے کنڈکٹرز و برقی آلات اور 33Kvمراؤ فیڈرپر 25لاکھ روپے کے 8کھمبوں کے کنڈکٹرز ودیگر برقی آلات چوری کرلئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ 3روزقبل بھی کولپورمیں گونڈین کے علاقے میں 8کھمبوں کی مزید کنڈکٹرز وبرقی آلات چوری ہوئے تھے جس کی وجہ سے کولپور ٹوفیڈرکی بجلی تاحال بندہے اوراس واقعہ کی اطلاعی رپورٹ لیویز تھانہ دشت میں درج کرادیاگیاہے۔واضح رہے کہ کنڈکٹرز چرانے کے یہ تمام واقعات گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران رونما ہوئے ہیں جن کی ایف آئی آر بھی دشت لیویز تھانہ میں درج کرائی گئی ہے۔ کیسکوترجمان نے تمام صارفین بالخصوص زرعی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں غیر متعلقہ اشخاص پر نظررکھیں اور کیسکوکے تنصیبات اور لائنوں پر کیسکوعملہ کے بغیر دیگر افرادکو کام کرنے سے سختی سے منع کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اطلاع متعلقہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او یا لائن سپرنٹنڈنٹ کو فوری طورپر دیں تاکہ مزید کسی نقصان یا زحمت سے بچاجاسکے۔