بھارتی انتہاپسند تنظیم بی جے پی کی طرف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت مقرر کرناقابل مذمت ہے، میر چنگیز جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے بھارتی انتہاپسند تنظیم بی جے پی کی طرف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت مقرر کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی دنیا کے سامنے ایک تاریخی حقیقت بیان کی ہے،مودی گجرات کا نہیں مقبوضہ کشمیر کا بھی قصائی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت مقرر کرنے سے بی جے پی کی انتہا پسندی مزید بے نقاب ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نہ صرف شدت پسند بلکہ دہشتگرد تنظیم ہے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا مودی سے متعلق بیان سچ ثابت ہو چکا ہے کہ مودی بھارتی گجرات کا قصائی ہے جنہوں نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کا کا قتل عام کروایا تھا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے مظالم سے دنیا بخوبی واقف ہے آج مقبوضہ وادی بھی جیل کی شکل اختیار کر چکی ہے اور وہاں بزرگوں، خواتین،بچوں اور نہتے کشمیریوں کو ظلم و جبر کا نشانہ بناکرانہیں بے دردی سے شہید کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے ایسے جارہانہ بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی قیادت خطے کے امن کو داوپر لگانے کیلئے کچھ بھی کرسکتی ہے بھارت خطے میں تخریبی سوچ کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت براہ راست ملوث ہے جس کے ثبوت پاکستان عالمی دنیا کو دکھا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اور عوام بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں اوربھارتی کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور جواب دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے