کیا پاکستان 22 کروڑ عوام اور اٹیمی طاقت رکھنے والا ملک قانون کے بغیر چلے گا، اسد عمر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جو جمہوریت کے عمل سے بنا ہے،بدقسمتی سے پاکستان میں آج بھی سچ بولنا آسان نہیں ہے، کیا پاکستان 22 کروڑ عوام اور اٹیمی طاقت رکھنے والا ملک قانون کے بغیر چلے گا، ملک بھر میں وکلاء کی جانب سے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو بلو چستان ہائی کورٹ کے بار روم میں وکلاء سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر وسابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری،سابق گورنر بلوچستان ظہور آغا،منیر بلوچ بھی موجود تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمرنے کہا کہ وزرات اطلاعات سے جو مرضی خبریں چلا لیں کچھ نہیں ہوگا آج سوشل میڈیا کا دور ہے عمران خان سے کہا تھا کہ بلوچستان کے عام آدمی سے پوچھیں وہ کیا سوچتا ہے ہوسکتا ہے کیمرے کے سامنے کوئی نہ بولے کیونکہ بدقسمتی سے اس ملک میں آج بھی سچ بولنا آسان نہیں ہے یہ سمجھنا ہوگا کہ اب لوگوں کو ڈرا دھمکا کر کچھ کہنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت تمام فیصلہ سازوں کو سوچنا ہوگا کہ کس طرح آئین کی بالادستی کرنی ہے قانون و آئین کی بالادستی کیلئے عدلیہ اور وکلاء کا اہم کردار ہے ہم نے دیکھا بلوچستان میں 8 اگست کو وکلاء نے شہادتیں دیں اسلام آباد میں بھی دھماکے میں وکلاء نشانہ بنے تھے یہ شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی قانون و آئین کی بالادستی ہوگی۔ اسد عمر نے کہا کہ انصاف لائرز فورم کا شکر گزار ہوں یہاں مدعو کیا ہے آئی ایل ایف کا کچھ عرصے سے اہم رول ہے یہ تھانہ کچہریوں کے چکر لگا رہے ہیں پاکستان واحد ملک ہے جو جمہوریت کے عمل سے بنا ہے قائد اعظم جمہوریت اور قانون پر یقین رکھتے تھے جس ملک میں قانون پر عملدرآمد نہیں ہو وہاں میں جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں پاکستان کے جمہوری عمل میں بہت سی رکاوٹیں آئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند افراد کے فیصلے نہیں چلنے چاہئیں 2008 میں جمہوریت کا تسلسل شروع ہوا لیکن کئی روکاوٹیں ہیں آج بھی دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان میں قانون طاقتور نہیں ہے عوام پر قانون کا اطلاق ہورہا ہے لیکن طاقتور پر قانون نہیں چلتا۔ انہوں نے کہاکہ کیا پاکستان 22 کروڑ عوام اور اٹیمی طاقت رکھنے والا ملک قانون کے بغیر چلے گا بلوچستان میں قانون پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر چیف آرگنائزر انصاف لائرز فورم ایڈوکیٹ اقبال شاہ ایڈوکیٹ نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آئی ایل ایف کے وکلاء سپریم کورٹ کے ایگزیکٹو میں کامیاب ہوئے ہیں جو تحریک اسلام آباد سے شروع ہوئی تھی اس کا سیکنڈ فیز ہم بلوچستان میں کرینگے، تقریب سے عمران خان ویڈیو لنک سے خطاب کرینگے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں رول آف لاء پر عملدرآمد نہیں ہورہا، رول آف لاء کو نیب قانون کے تحت سبوتاژکیا گیا ہے، پاکستان میں قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد نہیں جہاد کی ضرورت ہے جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا وہ ملک تباہی کی طرف جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف و قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کر ینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے