عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیش رفت کو یقینی بنائیں، میر ضیاء لانگو
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم جز قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیش رفت کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں متعلقہ محکمے، ادارے اور مقامی انتظامیہ اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان منصوبوں کی تکمیل ممکن ہو سکے اور عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے بلا تاخیر مستفید ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر یا کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ منصوبے کے طویل المدتی پلان پر پیشرفت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور تمام اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے جو منصوبے صوبے بھر میں جاری ہیں انکے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔