ریکوڈک سے متعلق قانون سازی واپس نہیں لی گئی تو ہم حکومتی اتحاد چھوڑنے سے متعلق غورکرسکتے ہیں ، ملک نصیر شاہوانی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ریکوڈک پر بلوچستان اور سندھ کی اسمبلیوں اور سینیٹ میں کی گئی قانون سازی 18 ویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری کے منافی ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارٹی کے مرکزی رہنما ملک نصیر احمد شاہوانی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کی شکل میں صوبوں کو خودمختاری دی گئی مگر راتوں رات بلوچستان اور سندھ میں اور اس کے بعد مرکز میں آئین میں ترمیم کر کے بلوچستان کے حقوق پر شب خون مارا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ایک قرارداد کے تحت صوبے کے ٹیکس سمیت دیگر اختیارات وفاق کو دیے گئے۔انہوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ریکوڈک سے متعلق قانون سازی واپس نہیں لی جائیگی تو ہم حکومتی اتحاد چھوڑنے سے متعلق غور کر سکتے ہیں۔