بیلہ ، سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ، ایک شخص جاں بحق 25 سے زائد افراد جھلس کرزخمی
اوتھل(ڈیلی گرین گوادر) بیلہ شہرکے پر رونق علاقے چونگی منی بس اسٹاپ کے قریب گیس کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکہ،ایک شخص موقع پر جھلس کر جاں بحق 25 سے زائد افراد شدید جھلس کر زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پیر کو بیلہ شہرکے پر رونق علاقے چونگی منی بس اسٹاپ کے قریب گیس کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق جس کی تاحال شناخت نہ ہوسکی، 25 سے زائد افراد شدید جھلس گئے جنہیں کراچی ریفر کردیا گیا۔شدید زخمیوں میں محمد یوسف ولد محمد یقعوب، غلام حسین ولد محمد ہارون، اکرم ولد اسلم، ممتاز ولد غلام رسول، عزیز اللہ ولد غوث بخش، رضوان ولد عبدالرحمان، برکت ولد محمد امین، جاوید ولد صالح محمد، محمد عمر ولد جمعہ خان،غلام حسین ولد غلام حیدر، مراد ولد یار محمد، عبیداللہ ولد عبدالغفور، اسحاق ولد محمداسماعیل، مجید ولد یونس، مہیش ولد اوتن مل اور دیگر شامل ہیں۔گیس سیلنڈر کے پھٹنے سے زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔7 دکانیں ایک ہوٹل تباہ،25 موٹر سائیکلیں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں، جھلس جانے والے افراد کی شناخت میں مشکلات،لوگ مدد کے لئے پکارتے رہے۔ایدھی،لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکار ایمبولینسز کے ہمراہ بیلہ پہنچ گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کاسی بیلہ پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی، اوتھل اور بیلہ کے تمام فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پرپہنچ گئی اور آگ بجانے میں مصروف۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کاسی نے سول ہسپتال بیلہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کو طلب کر لیا ہے۔شہریوں کے مطابق ہولناک دھماکے کے بعد وہاں لوگ زمین پر پڑے تھے اور آگ ہی آگ تھی اور ہر سو خون بکھرا ہوا تھا۔