پاکستان اور قطر کے مابین برادرانہ تعلقات کثیر الجہتی تعاون پر محیط ہیں،صادق سنجرانی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قطر کے قومی دن کے موقع پر قطر کی قیادت اور عوام کو پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قطر کی سیاسی قیادت نے ترقی و خوشحالی کی جو منزلیں طے کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ شیخ تمیم بن حماد الثانی امیر قطر کے ویژن کے مطابق قطر نے جو معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے جو لائحہ عمل اختیار کیا ہے وہ مثالی ہے۔ پاکستان قطر کے عوام کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہے۔ آج کا دن قطر کی سیاسی قیادت اور عوام کیلئے نہایت اہم ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ ویژن ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین برادرانہ تعلقات کثیر الجہتی تعاون پر محیط ہیں۔ بھائی چارے اور اعتماد کا رشتہ مشترکہ مذہبی و ثقافتی روابط کے باعث مزید مستحکم ہو اہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر مثالی تعاون پاکستان اور قطر کے مابین اعتماد اور احترام کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمیں ان تعلقات اور بھائی چارے کی فضاء کو مزید تقویت دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروباری نقل و حمل کے ذریعے دونوں اطراف کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔پاکستان اور قطر کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پورا اتری ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ قطر اور پاکستان کیلئے نئی کامیابیوں اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان۔

قطر دوستی و بھائی چارہ زندہ باد۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزامحمد آفریدی نے قطر کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مضبوط تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی بنیادوں پر استوار ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے