عوام کا مفت علاج و معالجہ ان کا بنیادی حق ہے ٗڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان

خضدار(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان نے کہاہے کہ عوام کا مفت علاج و معالجہ ان کا بنیادی حق ہے اس سلسلے میں حکومت عوام کو مفت علاج کی فراہمی کے لئے خصوصی فنڈز بھی مہیا کررہی ہے ڈسٹرکٹ آواران کے ہسپتال کو علاج و معالجے کا مرکز بنا کر یہاں سے عوام کوہر صورت میں ر یلیف فراہم کیاجائیگا۔ڈاکٹرز وہیلتھ ورکرز کی جانبے سے انہماک کے ساتھ عوام کا علاج نقطہ نظر رہنا چاہیے او پی ڈی سے لیکر ادویات کی فراہمی تک عوام کے ساتھ تعاون ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال آواران کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر آواران نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، حاضری رجسٹر چیک کرنے کے علاوہ ایم ایس ہسپتال سے بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان نے کہاکہ محکمہ ہیلتھ اور محکمہ ایجوکیشن دو ایسے شعبے ہیں کہ یہاں ذمہ داریوں سے دو قدم آگے بڑھ کر خدمت کا فریضہ سرانجام دیا جاسکتا ہے یہ دونوں شعبے جذبے کے متقاضی ہیں ہسپتال اسٹاف کو چاہیے کہ وہ عوام کا علاج کرکے اللہ تعالیٰ کی رضاء اور خوشنودی کے حقدار بنیں ضلع آواران کے رہائشی افراد کو اس چیز کی بے حد ضرورت ہے چونکہ ضلع آواران بڑے شہروں سے دور اور یہاں کے لوگ بڑے شہروں میں علاج کیلئے جانے کی سکت بھی نہیں رکھتے ہیں تو ضروری ہے کہ دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے انہیں آواران ہسپتال میں علاج کی سہولت دی جائے۔ڈپٹی کمشنر آواران جمعہ داد خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال آواران کے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ ہیلتھ ورکرز کی حاضریوں کو ہسپتال میں یقینی بنائیں اور جواپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتا ان کے خلاف ضابطہ کے تحت کاروائی کی جائے اور عوام کی ہسپتال میں خصوصی طور پر داد رسی کی جائے ان کو علاج کی سہولت دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے