عمران خان کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں، احسن اقبال

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے مںصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس پر ملک بھر میں یوم تشکر منائیں گے۔

ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں اور عمران خان کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں، عمران خان کو ملک میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں کا اندازہ نہیں اور وہ اپنے اقتدار کے لیے کچھ بھی کرنے کیلیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ان الیکشنز میں بھرپور حصہ لے گی، عمران خان کی زیر تسلط اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ملک میں آئین کے مطابق انتخابات ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم سابق حکومت کی تباہ کاریوں کی مرمت کررہے ہیں اور عمران خان کو مزید وقت دے کر معیشت اور بچے کچے سرمائے کو تباہ نہیں کرواسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد آئین و قانون کے مطابق کاروائی ہوگی اور اگر آئین کی روشنی میں 90 دن میں الیکشن ہوتے ہیں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ اور پی پی رہنما ناصر شاہ نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کس ڈھٹائی سے بول رہے ہیں کہ انکی حکومت جانی کے بعد ان پر سختیاں کی گئیں، عمران خان نے آصف علی زرداری، فریال تالپور، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کروایا، آپکو گرفتار نہیں کیا گیا،آپ کو تو جیل کی ہوا نہیں کھلائی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ’عمران خان کی تقریر کے دوران ساتھ بیٹھے دونوں وزراٗ اعلیٰ کے چہرے دیکھنے کے قابل تھے، واضح نظر آرہا تھا وہ عمران خان کے فیصلے کے ساتھ نہیں ہیں‘۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ’عمران خان جمعے کو اسمبلیاں تحلیل کریں ہم یوم نجات منائیں گے‘۔پی پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ ’دونوں وزرائے اعلیٰ اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے، عمران خان نے دوست ممالک سے ملنے والے تحائف بیچنے پر جواب نہیں دیا، عمران خان کی تقریر چور مچائے شور کے علاوہ کچھ نہیں تھی‘۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے