ریکوڈک کا معاہدہ عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، رحمت صالح بلوچ

پنجگور(ڈیلی گرین گوادر) پنجگور نیشنل پارٹی کے زیراہتمام ریکوڈک معاہدے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی نیشنل پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے نکالی گئی۔جسکی قیادت نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر رحمت صالح بلوچ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پھلین بلوچ، ضلعی صدر حاجی صالح بلوچ، مرکزی رہنما سابق ایم پی اے حاجی محمد اسلام بلوچ اور تحصیل صدر تاج بلوچ نے کی۔ ریلی بازار کے مختلف گلیوں سے ہوتی ہوئی بسم اللہ چوک پہنچی، ریلی کے شرکاء نے ریکوڈک معاہدہ اور حکومتی فیصلوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر رحمت صالح بلوچ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پھلین بلوچ، مرکزی رہنما سابق ایم پی اے حاجی محمد اسلام، ضلعی صدر حاجی صالح محمد، وحدت بلوچستان کمیٹی کے رکن گہرام شریف،سابق ضلعی صدر حاجی محمد اکبر بلوچ، حاجی محمد ایوب دہواری، بی ایس او پجاری کے ضلعی صدر عامر بلوچ، الطاف حسین نے خطاب کیا۔ میر رحمت صالح بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریکوڈک کا معاہدہ 1973 کے آئین اور آٹھارویں ترمیم کی کھلی خلاف ورزی اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے جسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس غیر آئینی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔بلوچستان کے دولت کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو بلوچستان کے عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے بلکہ ان کہ نظریں بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر لگی ہوئی ہیں۔ لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے ساحل اور وسائل کا آخری سانس تک دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا اس وقت ہمارا صوبہ بلوچستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے طاقت ور قوتیں وفاق سے ملکر ہمارے صوبے کے ریکوڈک سمیت تمام معدنیات کو لوٹنا چاہتے ہیں اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام قوم پرست جماعتیں ایک پیج پر اکھٹے ہوکر اپنے ساحل اور وسائل کا دفاع کریں۔ انہوں نے کہا کہ راتوں رات بننے والے باپ پارٹی کو اس لئے پروموٹ کیا گیا تاکہ ان کا قندا استعمال کر کے بلوچستان کے وسائل کو لوٹا جائے۔ اور صوبے کو ایک ایسا وزیر اعلی دیاگیا جوکہ ایک ربڑ اسٹیمپ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ جوکہ کھبی مدہوش اور کھبی بے بسی کا تصویر بنا ہوا ہے۔ یہ بلوچستان کے ساتھ مذاق نہیں تو اور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک جیسے عظیم منصوبے کو کوڈیوں کے دام فروخت کرنے کا حق وفاقی حکومت کو نہیں دے سکتے ہیں ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کے عوام اب بھی زنگی کے تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بلوچستان کو غریب صوبے کا لقب دیکر ان کے دولت کو لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حساس اور اہم مسئلے پر اگر بلوچستان کے تمام قوم پرست جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ نہیں کیا تو یہ قوم اور صوبے کے ساتھ تاریخی ظلم ہوگا۔ انہوں نے کہا نیشنل پارٹی ریکوڈک سمیت تمام قومی معاملات پر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ بلوچستان کے تمام سیاسی ظعماء اپنے صوبے کے ساحل اور وسائل کی دفاع کیلئے میدان میں اتریں نیشنل پارٹی ہر قدم پر ساتھ دینے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجگور کے عوام کو سلیکٹڈ نمائندوں نے بیروزگاری،بدامنی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ پنجگور میں چور اور ڈاکوؤں کا راج ہے۔ عام شریف شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنایا گیا ہے۔ ایک ہی ایران بارڑر ہے جوکہ روزگار کا زریعہ تھا اس کو بھی موجودہ نمائندوں نے انتظامیہ سے ملکر ٹوکن اور اسٹیکر کی نظر کردیا سرعام اسٹیکر فروخت کر کے عام غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ دور حکومت میں ہم نے دن رات ایک کرکے پنجگور کے امن کو بحال کیا اور اس کو روشنیوں کا شہر بناکر اس کی رونقیں بحال کردی لیکن موجودہ حکومت نے منشیات کی لعنت کو عام کرکے عوام کو چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے