انسداد پولیو کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ڈاکٹر مقصود احمد

لورالائی (ڈیلی گرین گوادر) لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس مرض سے ہمیں ہر حالت میں نجات حاصل کرنی ہوگی۔یہ بات انہوں نے لورالائی یونیورسٹی میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو خطرناک مرض ہے جس کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں نا گزیر ہیں پولیو کے خاتمے کیلئے ہمارا ہر ممکن تعاون حاصل رہے گا ۔ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ ملک و صوبے کی پائیدار ترقی کیلئے موذی امراض پر قابو پانا ضروری ہے کیونکہ صحت مند معاشرہ ہی ترقی کا ضامن ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر ذکیہ نعمت اللہ نے ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ڈبلیو ایچ او کے آرگنائزر ڈاکٹر پلیتا مائی پالا، ریجنل ہیڈ ڈاکٹر حامد جعفری، ٹیم لیڈر پولیو پروگرام پاکستان ڈاکٹر زین العابدین خان، ٹیم لیڈر پولیو بلوچستان ڈاکٹر مختیار حسین کی جانب سے مہمانوں کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا تقریب میں سرویرز نے پولیو کے حوالے سے اپنا تجربہ شیر کیا۔ڈاکٹر ذکیہ نعمت اللہ نے سابق کمشنرز سہیل الرحمن بلوچ، ارشد مجید، شاید اللہ خان اور موجودہ کمشنر محمد گل خلجی و دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انسداد پولیو کیلئے ڈبلیو ایچ او سے ہر ممکن تعاون کیا انہوں نے پولیو کی سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور لیویز و پولیس افسران و اہلکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پولیو کو پاکستان اور افغانستان سے جڑ سے ختم کریں۔ آخر میں طلبہ میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے