آٹومیٹڈ میٹرنگ انفراسٹکچر(اے ایم آئی) میٹروں کی تنصیب کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہی ہے،عبدالکریم جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان کی ہدایات پر کیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں آٹومیٹڈ میٹرنگ انفراسٹکچر(اے ایم آئی) میٹروں کی تنصیب کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ اور اس سلسلے میں نئے سمارٹ میٹروں کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے۔ان خیالات کااظہار چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے ایک اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں کیسکوکے چیف انجینئر(پلاننگ اینڈانجینئرنگ) نعیم کاکڑ، چیف انجینئر کسٹمرسروسز ہاشم جوگیزئی، چیف انجینئر(ٹیکنکل)شفقت علی، چیف انجینئرٹی اینڈجی سمیع اللہ، چیف انجینئر(آپریشن)ڈائریکٹر شوکت علی جوگیزئی سمیت کیسکوکے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر(AMI) سمارٹ میٹرز کی تنصیب ایک صارف دوست فیصلہ ہے جس سے صارفین مختلف سہولیات سے مستفید ہوسکتے ہیں اورکیسکو اپنے صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی کیلئے تمام انڈسٹریل اور زرعی میٹرز اپنے وسائل سے مرحلہ وار تبدیل کرے گا۔۔عبدالکریم جمالی نے کہا کہ اس منصوبہ کی تنصیب کے بعد میٹر میں ہونے والی خرابی کی فوری نشاندہی ممکن ہو جائے گی اور کنٹرول سینٹر کو بھی پیغام موصول ہو جائے گا۔ جس پر فوری طور پر عملہ کاروائی کرکے شکایات کا بروقت ازالہ کرے گا اورسو فیصد درست بلنگ یقینی ہوجائے گی کیونکہ یہ میٹر رئیل ٹائم ڈیٹا، کنٹرول سینٹر کو مختصر وقفوں سے مسلسل ارسال کرتے رہیں گے۔ کیسکو چیف نے کہا کہ بجلی کا استعمال اور ریڈنگ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے صارفین بھی وصول کرسکیں گے جس سے وہ اپنے بجلی کے استعمال کی مانیٹرنگ اور منصوبہ بندی کر سکیں گے۔علاوہ ازیں بلنگ سائیکل کی تبدیلی ان سمارٹ میٹرز کی بدولت بہت سہل ہو جائے گی۔ اک کیٹیگری یا ٹیرف کے صارفین کا بلنگ کا دورانیہ اور ریڈنگ کی تاریخ بآسانی تبدیل کی جاسکے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ پیک اور آف پیک آورز کے بجلی کے نرخوں میں فرق کے مطابق بجلی کے استعمال سے بلوں میں واضح کمی لائی جاسکتی ہے جس میں سمارٹ میٹرز مدگار ثابت ہوں گے جبکہ دوسری جانب بجلی کمپنیوں کی تنصیبات کی دیکھ بھال اور بحالی کے اخراجات میں کمی آئے گی اور ٹرانسفارمر یا میٹر خرابی کی صورت میں جلد نشاندہی اور بحالی اور مختصر بندش ممکن ہوگی۔ عبدالکریم جمالی نے کہا کہ سو فیصد درست میٹر ریڈنگ اور صارفین کے اعتماد اور اطمینان کا حصول ہوگا اورمیٹر ریڈنگ کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔اسکے ساتھ ساتھ بجلی کی چوری کی بروقت نشاندہی اور اس پر موثر کارروائی ہوسکے گی اوربجلی کی طلب و رسد کی مانیٹرنگ اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں سہولت میسر ہوگی۔چیف ایگزیکٹوآفیسرنے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کیں کہ وہ اِس منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔