ہمارے اوپر بیٹھے غلام ڈرتے ہیں، عمران خان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ڈالرز نے ان کو غلام بنا دیا ہے، ہمارے اوپر بیٹھے غلام ڈرتے ہیں۔بذریعہ ویڈیو لنک عمران خان نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج تک کسی کے آگے نہیں جھکا، آزاد انسان ہوں، کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا، چاہتا ہوں میری قوم بھی اپنے آپ کو آزاد کر لے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی غلطیوں کا خود جائزہ لینا چاہیے، کوئی بھی انسان اچانک اوپر نہیں جاتا، جب انسان ہار مان لے تب ہار جاتا ہے۔عمران خان کا کہنا ہے کہ آزاد ذہن آزاد فیصلے کرتے ہیں، آزاد ذہنوں کی پرواز اونچی ہوتی ہے، غلام ذہن کبھی اونچے نہیں جاتے۔انہوں نے کہا کہ کسی اور جنگ میں شریک ہو کر اپنے 80 ہزار لوگوں کی قربانی دی گئی، چوروں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پیسہ چوری کر کے باہر بھیجتے ہیں، اربوں کے گھروں میں رہ رہے ہیں اور باہر جا کر ملک کے لیے پیسہ مانگتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جو ملک آزاد ہوئے ہیں انہوں نے قربانیاں دی ہیں، تباہی کا راستہ آسان لگتا ہے، محنت کریں گے نہیں ، ملک چلانے کے لیے امداد لے لیں گے، یہ تباہی کا راستہ ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکلوں سے نکل کر قوم بنتی ہے، ہمیں وہ پاکستان بنانا ہے جو اپنے پیر پر کھڑا ہو، آزادی اور خوش حالی ایک چیز پر منحصر ہے جو انصاف ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جانوروں کے معاشرے میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، جنگل کے قانون میں طاقت ور کمزور پر ظلم کرتا ہے، انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ جتنا معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، وہ اتنا اوپر جاتا ہے، سندھ میں کسانوں پر جیسا ظلم ہوتا ہے دنیا میں کہیں ایسا ظلم نہیں دیکھا، وہاں ایسی غربت ہے کہ دنیا میں کہیں نہیں دیکھی۔پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انصاف قائم کرنے کے بعد ہی خوش حالی آتی ہے، جو معاشرے خوش حال ہیں سب سے زیادہ انصاف وہیں ہوتا ہے۔