معاشرے میں جمہوری رویوں، ہم آہنگی اور امن کو پروان چڑھانے میں استاتذہ کا کلیدی کردار ہے، شہزادہ ذوالفقار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، ایڈوکیٹ جلیلہ حیدر اور کوئٹہ کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے استاتذہ نے کہا ہے کہ معاشرے میں جمہوری رویوں، ہم آہنگی اور امن کو پروان چڑھانے میں استاتذہ کا کلیدی کردار ہے،استاتذہ آنے والی نسل میں انتہا پسندانہ رویے کے خاتمے کی سوچ کو پروان چڑھائیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں سی آر ایس ایس کے زیر اہتمام سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے منعقدہ ورکشاپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر برابری،برداشت، خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے، قیام امن میں درپیش چیلنجز، انصاف کے حصول کے موضوعات پر شارٹ فلمز بھی دیکھائی گئیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے میں پائی جانے والی بد گمانیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے کوئی بھی جمہوری معاشرہ بد گمانیوں کے ساتھ پروان نہیں چڑھ سکتا۔معاشرے کی بہتری کے لئے سماجی برابری، انسانیت، مساوات کو فروغ دینے کے لئے ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے میں انجینئر، ڈاکٹر سمیت تمام شعبوں میں لوگ پیدا کر رہے ہیں مگر اچھے انسان بنانے میں ناکام نظرآرہے ہیں مذہب، ثقافت کے نام پر تفریق سے معاشرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں منفی عناصرکو فروغ دینے کے تباہ کن اثرات مرتب ہوسکتے ہیں سوشل میڈیا کے ذریعے ہمیں منفی کے بجائے مثبت پیغام دینے والوں کی پذیرائی کرنی چاہیے۔ مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو یہ پیغام اور تعلیم دینی چاہیے کہ تمام انسان برابر ہیں ہمیں ہر ایک کے مذہب، زبان، ثقافت کا احترام کرنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے