صوبائی حکومت میرعبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اعلی اورمعیاری تعلیم کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، سردار عبدالرحمن کھیتران

بارکھان(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اعلی اورمعیاری تعلیم کی پالیسی پر عمل پیر ا ہے صوبہ کی تدریسی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارکھان میں بی، آر، سی کالج کی زیر تعمیر عمارت کے معائنہ کے دوران متعلقہ آفسران اور وہاں موجود عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کی عوام کو درپیش مسائل کے حل،روز گار کی فراہمی سمیت تعلیم وصحت کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں جبکہ اس ترقی کے دور میں تعلیم کے بابت کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے وژن کے عین مطابق عوام کے لیے تعلیم دوست پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور عوام ان ثمرات سے بہرہ مند ہورہے ہیں۔سردار کھیتران نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات سے مالامال کررکھا ہے ان وسائل کو اپنے عوام پر خرچ کرنے کیلئے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ٹھوس بنیادوں پر بھی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جس سے صو بہ بھر میں تعلیم کی بہتری اور روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو موجودہ صورتحال میں تمام شعبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنے وسائل سے بڑھ کر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ موجودہ صوبائی حکومت پرعوامی اعتماد کو مزید تقویت مل سکے اور ترقی کے اس جاری سفر کو مزید تیز کیا جا سکے صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے تمام ارکان ایک پلیٹ فارم پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں متحد اور مستقل ترقی کے خواہاں ہیں جبکہ پوری کابینہ صوبہ کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے شب و روز برسرپیکار ہیں۔عبدالرحمن کھیتران نے مزید کہا کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ شعبہ تعلیم سے منسلک ان تمام اداروں اور افراد کو جدید دور کے مطابق خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے صوبے کے عوام کو درس وتدریس کے بہترین مراکز مہیا کیں جا سکیں تاہم تعلیمی ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھتے ہوئے اس بابت کوئی رکاوٹ اور غیر سنجیدگی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ ہمیں اپنے صوبے اور یہاں کے باسیوں کی تعلیمی ترقی و مکمل خوشحالی عزیز ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے