ریکوڈک کو کسی صورت وفاق کو ہڑپنے نہیں دینگے، مولانا عبدالغفورحیدری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ ریکوڈک کو کسی صورت وفاق کو ہڑپنے نہیں دینگے، بلوچستان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے،ڈرامائی انداز میں صوبائی بلوچستان اور سندھ کی اسمبلیوں سے بل پاس ہونا اور پھر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پاس ہونا باعث تشویش ہے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کوئٹہ میں اراکین بلوچستان اسمبلی اور جماعتی وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بانیوں نے اپنے ہی قانون سازی کی دھجیاں اڑا دی ہے اس بل کا مقصد بلوچستان کے ساحل وسائل اور اختیارات کو وفاق کے حوالے کرنا ہے جسکی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ سے متعلق بل منظور رکنا آئین وقانون اور صوبائی خودمختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اپنے اتحادیوں کو نظر انداز کرنا بدنیتی ہے اگر اس حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا تو اس سے قبل جو مزاکرات ہورہے تھے اس کیا فائدہ۔مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام صوبے کے حقوق کیلئے صف اول میں کھڑی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے