بلوچستان، بولان میں سیلاب کے باعث گرنیوالے ریلوے پل کی مرمت 3 ماہ بعد بھی مکمل نہ ہوسکی
بلوچستان(ڈیلی گرین گوادر) بولان میں مون سون بارشوں کے دوران گرنے والے ریلوے پل کی مرمت تین ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکی ۔ ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو کوئٹہ کے بجائے مچھ سے سفر کے آغاز اور اختتام کرنے پر مشکلات کا سامنا ہے۔ بلوچستان کے ضلع بولان کے ہرک کے قریب ریلوے کا ایک پل مون سون بارشوں کے دوران سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا تھا، اس پل کو ٹوٹے اب تقریباً تین ماہ کا عرصہ بیت گیا ہے مگر ریلوے حکام ہیں کہ پل کی تعمیر مکمل ہونے کی ڈیڈ لائن میں مسلسل اضافہ کررہے ہیں۔ پہلے اس پل کی تعمیر مکمل ہونے کی تاریخ آئندہ سال جنوری بتائی گئی جس میں توسیع ہوتے ہوتے اب اس پل کی مرمت کا کام مکمل ہونے کی ممکنہ تاریخ آئندہ سال مارچ بتائی جا رہی ہے ۔ریلوے حکام کے مطابق پل کی مرمت پر 56کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔