بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کریں گے،حاجی محمد خان طور اوتمانخیل

لورالائی(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر صنعت و حرفت حاجی محمد خان طور اوتمانخیل لورالائی پریس کلب کے صدر خان محمد خانو اور جنرل سیکرٹری محمد نعیم ناصر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ اس موقع پر بلدیہ کے کونسلر حاجی ظاہر خان موسیٰ خیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے الیکشن میں ہم نے کلین سوئپ کیا تھا اور انشاء اللہ ڈسٹرکٹ چیئرمین بھی ہمارا ہوگا۔ عوام نے بلوچستان عوامی پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ان پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور انشاء اللہ ہمارے بلدیاتی امیدوار عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ عوام کی بھاری اکثریت سے ہمارے امیدواروں کو کامیاب کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم نے 2018 کے الیکشن میں عوام سے جو وعدے کیے تھے انکو پورا کررہے ہیں۔ لورالائی میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے جس کا اعتراف ہمارے مخالفین بھی کررہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کا منشور ہی عوام کی خدمت اور صوبے کی پسماندگی کا خاتمہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور آنے والے عام انتخابات میں بھی بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے مفادات اور تحفظ کو اپنا اولین فرض سمجھتی ہے اور وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو ہر معاملیمیں اتحادیوں اور اپوزیشن کو اعتماد میں لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈیک معاہدے کے معاملے پر ہم سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس معاہدے سے 25 فیصد منافع حاصل کرنے سے صوبہ ترقی کرے گا اس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کی معیشت میں مثبت تبدیلی آئے گی اور اس سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے 8 ہزاز سے زائد روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے