پاک افغان سرحد پرافغان سرحدی فورسز کی جانب بلااشتعال سولین آبادی پر گولہ باری 6 شہری شہید 17 زخمی ہوگئے، آئی ایس پی آر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاک افغان سرحدی شہر چمن پر افغان سرحدی فورسز کی جانب بلااشتعال سولین آبادی گولہ باری 6 شہری شہید جبکہ17زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کو افغان سرحدی فورسز کی جانب سے چمن میں بلااشتعال طور پر سولین آبادی پر بھاری ہتھیاروں، مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 6سولین شہری شہید جبکہ 17افراد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سرحدی فورسز کی جانب سے جارحیت کا موثر جواب دیتے ہوئے معصوم سولینز کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے کابل میں افغان حکام سے رابطہ کر کے صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب گولہ باری کے بعد چمن میں خوف وہراس پھیل گیااور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ فائرنگ اور گولہ باری کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال چمن منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کر نے کے بعد زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کردیاگیا۔چمن میں سرحد پر کشیدیگی اور گولہ باری کے واقعہ کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نفاذ کردی گئی۔ترجمان سول ہسپتال داکٹر وسیم بیگ کے مطابق تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، سٹاف نرسز، اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہسپتال میں طلب کر لیا۔ترجمان کے مطابق جنرل آپریشن تھیٹر ایمرجنسی آپریشن تھیٹر اور شعبہ حادثات میں تمام ڈاکٹرز، طبی عملہ اور ہسپتال انتظامیہ موجودہے۔ترجمان نے بتایا کہ چمن میں فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے دو افراد کی لاشیں اور پانچ زخمیوں میر وائس، بی بی راحیلہ، عبدالناصر، منظور احمد، عبدالحمید کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں منتقل کردیا گیا ہے۔