ریکوڈک منصوبہ کے شروع ہونے سے بلوچستان کیلئے روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے، سینیٹر ثمینہ زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے خطے کا سب سے اہم حصہ ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری آئے گی توصوبہ بلوچستان کے ساتھ ساتھ ملک بھی بیرونی سرمایہ کاری کے اثرات سے مستفید ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے لئے ایک خاص تحفہ ریکوڈک منصوبہ ہے جس کا دوبارہ شروع ہونا بلوچستان کے لئے نیک شگون ہے۔ یہ منصوبہ بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری کرنے والوں کے لئے گرین سگنل ہے اور اس منصوبے کے شروع ہونے سے بہت سی غیر ملکی کمپنیوں کو بلوچستان میں محفوظ سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جاسکے گااور اس منصوبے کے شروع ہونے سے بلوچستان سمیت پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ یہ بات نہایت اہم ہے کہ اس منصوبہ کے شروع ہونے سے غیر ملکی سرمایہ کارو ں کا بلوچستان اورپاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان تمام صوبوں میں پسماندہ صوبہ گردانا جاتا ہے لیکن ایسی کوئی بات نہیں۔ بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے بے بہا نعمتوں اور وسائل سے نوازا ہے۔ ماضی میں بلوچستان کے قیمتی وسائل کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بے دریغ لوٹا اور ضائع کیا گیا۔ جس طرح سی پیک منصوبے اور گوادر پورٹ منصوبوں سے بلوچستان میں ہزاروں لوگو ں کو روزگار ملا اسی طرح ریکوڈک منصوبہ کا آغاز سے تقریباً آٹھ ہزار سے زائد نوکریوں کی صورت میں روزگار کے مواقع میسر ہوں گے جس میں سب سے پہلے بلوچستان کے لوگوں کو موقع دیا جائے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع و پرکشش مواقع بھی موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بلوچستان پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ادارو ں کی بہترین کارکردگی کے باعث بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بلوچستان کا رخ کیا ہے اور یہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔سیکیورٹی اداروں کی وطن کے لئے قربانیوں اور انتھک محنت کی بدولت بلوچستان کے لئے ترقی کے نئے باب کھل رہے ہیں۔سینیٹر ثمینہ زہری نے مزید کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سی پیک کے ذریعے ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے روشن امکانات ہیں۔جس طرح سی پیک منصوبے میں بلوچستان کا اہم کردار ہے اسی طرح ریکوڈک منصوبہ بھی بلوچستان کے لئے نہایت اہم ہے اور ان اہم منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی پیک کی طرح ریکوڈک منصوبہ بھی جلد اپنے اہداف پورے کر لے گااورسی پیک اور ریکوڈک جیسے منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا اور انشاء اللہ آنے والے وقتو ں میں بلوچستان ساری دنیا کے لئے مثالی اور اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے