خواتین کی پولیس میں شمولیت کے لئے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، غلام اظفر میسر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر میسر نے کہا ہے کہ خواتین کے پولیس کوٹے میں اضافہ کردیا گیا ہے،خواتین کی پولیس میں شمولیت کے لئے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں،خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔یہ بات انہوں نے بلوچستان وومن بزنس فورم کے زیراہتما م منعقدہ بیسٹ اچیومنٹ ایوارڈکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بلوچستان وومن بزنس فورم کی صدر فائزہ مینگل،پاکستان وومن رائٹس ایسوسی ایشن کی سعیدہ بانونے بھی خطاب کیا۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی خواتین نے تمام شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات کے عمل کا آغاز کردیا ہے اور ہم خواتین کو پولیس میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں انہوں نے کہا کہ دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،خواتین ملکی آبادی کانصف ہیں اور اس وقت ملک کے اہم عہدوں پر بطریق احسن فرائض سرانجام دے رہی ہیں جس کی جتنی بھی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے قبل ازیں مقررین نے کہا کہ ہمیں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر شعبے میں خواتین کو موثر نمائندگی دینا ہوگی اوراسکے لئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگامقررین نے کہا کہ صوبے کی دستکاری اشیاء نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پسند کی جاتی ہیں تاہم قابل افسوس امر یہ ہے کہ اس شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات نہیں کئے گئے اگر صوبے کی دستکاری اشیاء کو بین الاقوامی مارکیٹ پر متعارف کروایا جائے تو اس سے کثیر زرمبادلہ کے ساتھ سینکڑوں گھرانوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہوسکتی ہے مقررین نے کہا کہ اعلی کاکردگی ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے کا مقصد خواتین کی خدمات کو سراہانا ہے جو اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں تقریب میں اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے