گوگل جلد پاکستان میں دفتر کھولے گا، وزارت آئی ٹی

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات سید امین الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سب سے بڑی سرچ انجن گوگل جلد ہی پاکستان میں اپنا دفتر کھولے گی۔وفاقی وزیر سید امین الحق نے بتایا کہ گوگل نے خود کو ’سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان‘ (ایس ای سی پی) کراچی رجسٹری میں خود کو بطور مقامی کمپنی رجسٹرڈ کروالیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق گوگل کی جانب سے خود کو پاکستان میں رجسٹرڈ کروانے کے بعد ان کے ملک میں دفاتر کھولنے کی راہ ہموار ہوگئی اور اب آئندہ ہفتے تک گوگل کے نمائندے پاکستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ گوگل ملک میں اپنا دفتر کھولے گا، جس کے بعد پاکستانی صارفین کے ڈیٹا ملک میں ہی رہے گا، جس سے ڈیٹا زیادہ محفوظ رہے گا۔

سید امین الحق نے بتایا کہ پاکستان کے ’غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانا اور محدود کرنا (طریقہ کار، نگرانی اور حفاظت) رولز 2021‘ قوانین کے تحت تمام انٹرنیٹ کمپنیاں اور سوشل میڈیا ایپس ملک میں دفاتر کھولنے کی پابند ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ گوگل کے علاوہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں جلد دفتر کھولنے کا عندیہ دیا ہے، تاہم سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن سے گوگل بازی لے گیا اور اس نے خود کو پاکستان میں بطور کمپنی رجسٹرڈ کرواکر عملی آغاز کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیس بک اور ٹوئٹر جیسے پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کا ایک سبب یہاں کی بے یقینی صورتحال اور آئی ٹی سے متعلق قوانین بھی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے