ملک اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار اہم ہے ٗ میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ملک اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار اہم ہے مسیحی برادری کے لوگ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں اور ہمارے ملک میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ہمارا صوبہ بھی مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا خوبصورت گلدستہ ہے اور یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر نصیب اللہ مری اور پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج سمیت مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں تمام اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا تہوار منایا جاتا ہے اور جب سے ہم آئے ہیں ہماری یہی روایت رہی ہے کہ تمام اقلیتوں کے تہوار سی ایم سیکریٹریٹ میں منائی جائیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے اور میں بھی یہاں عوام کی خدمت کے لیے آیا ہوں اور اللہ تعالیٰ نے جو مجھے ذمہ داری دی ہے اس کا مقصد بھی یہی ہے کہ میں اپنے عوام کی خدمت کر سکوں انہوں نے کہا کہ جب سے ہم نے حکومت سنبھالی ہماری یہی کوشش رہی کی ٹریفک کے نظام کی روانی کے لیے پروٹوکول کو ختم کیا جائے کیونکہ پروٹوکول سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ میرا مقصد بھی یہی ہے کہ میں اس احساس کو اجاگر کر سکوں کے وی آئی پی موومنٹ کے باعث ایک عام آدمی کیا محسوس کرتا ہے کیونکہ ہم نے وہ کام کرنے ہیں جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہو انہوں نے کہا کہ کہ آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم سب بلا کسی تفریق رنگ و نسل اور مذہب کے بحیثیت سچے پاکستانی اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں گے انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ میں عوامی امنگوں اور توقعات پر پورا اتروں اور میرا عہدہ بھی اسی چیز کا متقاضی ہے انہوں نے اس موقع پر مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اور کرسمس کے موقع پر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں وزیراعلء نے مسیحی برادری سے اپنے کوارڈینٹر کی تقرری کا اعلان کیا قبل ازیں وزیراعلیٰ کو پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے تقریب کی مناسبت سے پگڑی بھی پہنائی اور انہوں نے اس موقع پر کرسمس کا کیک بھی کاٹا وزیر اعلیٰ نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی بیوہ خواتین کے لیے 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا جب کہ تقریب میں ٹیبلو پیش کرنے والے بچوں کے لئے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا بعد ازاں تقریب سے پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے اقلیت دوست اقدامات پر ان کو سراہتے ہوئے پوری مسیحی برادری کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔