ژوب ٹرانسپورٹ اڈامیں دوکانوں کی غیر منصافہ تقسیم کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائیگی، شیخ جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ژوب میں ٹرانسپورٹ اڈامیں دوکانوں کی غیر منصافہ تقسیم کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائیگی، عوام کے لئے بنائے گئے منصوبوں میں سرکاری افسرا ن کی ملی بھگت سے خرد برد کی اجازت نہیں دیں گے، ژوب ٹرانسپورٹ اڈے میں دوکانوں کی الاٹمنٹ میرٹ پر نہ کی گئی تو ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ژوب ٹرانسپورٹ یونین کے صدر ملک طاہر کی قیادت میں ژوب ڈویژن جنرل سیکرٹری عبدالجبار، فنانس سیکرٹری حاجی مولا داد سمیت دیگر پر مشتمل ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے شیخ جعفر خان مندوخیل کی جانب سے بطور وزیر ٹرانسپورٹ وزیر ٹرانسپورٹروں کے لیے روڈ عام کرنے اور اڈا قائم کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور انہیں اڈے میں دوکانوں کی غیر منصفافہ تقسیم سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ژوب میں ٹرانسپورٹ اڈا بنانے کا مقصد علاقے کے عوام اور ٹرانسپورٹروں کو سہولت مہیا کرنا تھا ہم نے کبھی بھی کسی لالچ یا ذاتی مفادکے لئے سرکاری عہدوں کا استعما ل نہیں کیا ہمیشہ سیاست کو خدمت سمجھ کر فریضے کے طور پر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ژوب میں ٹرانسپورٹ اڈا میں دوکانوں پر پہلا حق وہاں کے مقامی لوگوں، اڈے کے لئے زمین دینے والوں کا ہے لیکن عوامی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ سرکاری افسران کی ملی بھگت سے دوکانوں کی غیر منصفانہ تقسیم کی جارہی ہے اور اس عمل میں غلط رپورٹیں بھی دی گئیں ہیں انتظامیہ کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اڈے کو کامیاب اورفعال بنانے میں اپنا کردار ادا کرے لیکن اس کے برعکس انتظامی افسران کی جانب سے اقرباء پروری کی جارہی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر اثر رسوخ کی بناء پر دوکانوں کی غیر منصفافہ الاٹمنٹ کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائیگی اگر بے قاعدگیوں کا سلسلہ بند کر کے اس عمل کو درست انداز میں نہیں کیا گیا تو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے