بلوچستان میں 7دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے نہائیت جوش و جزبے سے منایا گیا، فیاض حسین مراد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں 7دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے نہائیت جوش و جزبے سے منایا گیا۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ضلعی الیکشن کمشنرز کی سربراہی میں ووٹر آگاہی کیلئے مختلف سیمینارز، آگاہی واک، اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت میں قومی ووٹرز کے دن کی مناسبت سے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی سربراہی صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان جناب فیاض حسین مراد نے کی جب کہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر)الیکشنز(عبدالقیوم شنواری، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ایڈمن طاہر منصور خاں اور دیگر سینئر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سول سوسائیٹی کے نمائندگان، الیکشن کمیشن کے ڈویلپمنٹ پارٹنرز، اداروں کی سرکردہ شخصیات اور میڈیا نے بھی بھرپور شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے اس موقع پر ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے تمام ایسے اقدامات کرنا جن سے انتخابی نظام کو تقویت ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف آج قومی ووٹر ز ڈے کو جوش وخروش سے صوبہ بھر میں منا رہے ہیں بلکہ اس توسط سے پاکستان کے تمام اہل ووٹرز سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں اور انتخابات کے دن ا پنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ضرور تشریف لائیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے اس موقع پر الیکشن کمیشن کے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی نظام کو نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن پانچ سالہ سٹریجک پلان 2019-23کے زیادہ تر اہداف مکمل کر چکا ہے۔ الیکشن کمیشن میں جدید بنیادوں پر ریسرچ اینڈ ڈویلمپنٹ سنٹر قائم کیا گیا ہے، جو کہ ایک تحقیقاتی ونگ ہے اس کا کام ای وی ایم (EVM)اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ووٹنگ کے مختلف طریقہ کار اور دنیا میں استعمال ہونے والی جدید ترین طریقوں پر ریسرچ کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ووٹرز کی آگاہی کیلئے ووٹر ایجوکیشن اور آگاہی کا کام بھی چاروں صوبوں میں جاری ہے۔ جنوری 2022؁ء سے صوبائی اور ضلعی سطح پر Student Voter’s Awareness Sessions منعقد کئے جارہے ہیں جن کو ہمارے ضلعی الیکشن کمشنر حضرات پورے جوش و خروش سے مختلف تعلیمی اداروں میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کاکام مکمل کر لیا ہے یہ کام اکتوبر 2021؁ء کو شروع کیا گیا اور مختلف مراحل سے گز رکر 7اکتوبر2022؁ء کو حتمی انتخابی فہرست جاری کر دی گئی جس کے مطابق صوبہ بلوچستان میں تقریبا تین لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ووٹ رجسٹریشن اب بھی جاری ہے۔ علاوہ ازیں ضلعی الیکشن کمشنر دفاتر میں ون ونڈو رجسٹریشن ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ 8300پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر ووٹ کی تفصیلات چیک کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کے مابین فرق کو خاطر خواہ حد تک کم کرلیا ہے۔تقریب میں موجود شرکاء نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کو سراہا اور ووٹرز کی آگاہی کے سلسلے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں موجود اقلیتی نمائندوں،معزور،افراد نے بھی حق رائے دہی کے استعمال میں درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر)الیکشنز(بلوچستان عبدالقیوم شنواری، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر)ایڈمن(طاہر منصور خاں، ڈائیریکٹر ایڈمن بلوچستان عبدالواحد بلوچ، سابق صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید، عورت فاونڈیشن سے علاودین خلجی، فافن سے حمید اللہ کاکڑ، اوسٹ سے کرامت اللہ، میڈیا سے سلمان اشرف، نے خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے